Wednesday, 12 March 2025, 09:42:41 am
 
وزیرخزانہ کا برآمدات کے فروغ کیلئے نجی شعبے کی حوصلہ افزائی پر زور
February 14, 2025

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے نجی شعبے کی قیادت میں اقتصادی ترقی کے عزم کا اظہارکرتے ہوئے معیشت میں توسیع کیلئے برآمدات کے فروغ پر زور دیا ہے۔

انہوں نے یہ بات جمعہ کے روز اسلام آباد میں بین الاقوامی مالیاتی کارپوریشن کے وفد سے ملاقات میں کہی جس کی سربراہی اس کے منیجنگ ڈائریکٹر اور ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹMAKHTAR DIOP کررہے تھے۔

وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے بین الاقوامی مالیاتی کارپوریشن کو نجی شعبے کے ساتھ اس کے حال ہی میں طے پانے والے منصوبوں پر مبارکباد دی اور پاکستان میں نجی کمپنیوں کے بڑھتے ہوئے فعال کردار کی تعریف کی۔

انہوں نے وفدکو پاکستان کے مجموعی اقتصادی استحکام سے متعلق آگاہ کیا۔

MAKHTAR DIOP ْنے وزیر خزانہ کی مہمان نوازی کی تعریف کی اور حکومت کی اصلاحات کی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے عالمی بینک کے ساتھ پاکستان کی شراکت داری کے ڈھانچے کی تعریف کی اور اسے عالمی سطح پر ایک بہترین طرز عمل قرار دیا۔

MAKHTAR DIOP نے بین الاقوامی مالیاتی کارپوریشن کے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے اور ماحول دوست توانائی‘ اعدادو شمار کے مراکز‘ زرعی اشیاء کی فراہمی میں بہتری‘ ٹیلی کام کے شعبے اور ڈیجیٹائزیشن جیسے اہم شعبوں میں مدد فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

یہ ملاقات تعاون جاری رکھنے اور پاکستان کی اقتصادی ترقی میں سرمایہ کاری کے دوطرفہ عزم کے اعادے پر ختم ہوئی۔