Thursday, 26 December 2024, 03:25:27 pm
 
سکیورٹی فورسز کی وسیع تر کارروائیاں،43دہشت گرد مارے گئے
December 13, 2024

خیبرپختونخواہ اور بلوچستان میں رواں ماہ کی نو تاریخ سے اب تک خفیہ اطلاعات پر کی گئی سکیورٹی فورسز کی وسیع تر کارروائیوں میں تینتالیس دہشت گرد مارے گئے ہیں۔

مسلح افواج کے محکمہ تعلقات عامہ کے مطابق ان کارروائیوں سے بلوچستان میں فتنہ الخوارج اور دوسرے دہشت گرد گروہوں کو بڑا دھچکا پہنچا ہے۔

سکیورٹی فورسز نے گزشتہ رات لکی مروت میں ایک کارروائی کی۔

فورسز نے خوارج کے ٹھکانے پر موثر حملہ کیا جس کے نتیجے میں چھ خوارج ہلاک ہوئے۔

خیبرپختونخوا میں رواں ماہ کی نو تاریخ سے اب تک اٹھارہ خوارج مارے گئے ہیں۔

آج بلوچستان کے اضلاع موسیٰ خیل اور پنجگور میں سکیورٹی فورسز نے دومختلف کارروائیوں میں فائرنگ کے شدید تبادلے میں دس دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

بلوچستان میں رواں ماہ کی نو تاریخ سے اب تک پچیس دہشت گرد ہلاک ہو چکے ہیں۔

آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ علاقے میں امن کی بحالی اور خوارج کے خاتمے تک یہ کارروائیاں جاری رہیں گی۔ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی برائی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔