وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات، سینیٹر محمد اورنگزیب نے مشرق بینک کی سینئر انتظامیہ سے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں بینک کی بڑھتی ہوئی موجودگی اور کاروباری سرگرمیوں میں توسیع پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وزیرِ خزانہ نے معاشی اشاریوں میں بہتری اور عالمی منڈیوں تک پاکستان کی دوبارہ رسائی کو اجاگر کرتے ہوئے مشرق بینک کی توسیع اور پائیدار ترقی کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے ڈیجیٹل بینکاری میں پیش رفت اور ٹیکنالوجی و مائیکروفنانس کے ذریعے مالیاتی شمولیت کو فروغ دینے کے مواقع کا جائزہ لیا۔
ملاقات میں پاکستان کی ہنرمند افرادی قوت سے استفادہ کرتے ہوئے بیرونِ ملک خدمات کی فراہمی کے مراکز کی سرگرمیوں میں توسیع پر بھی گفتگو ہوئی۔ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ڈیجیٹل اکاؤنٹس، غیر ملکی کرنسی میں بینکاری مصنوعات اور خلیج تعاون کونسل کے خطے میں خدمات کے دائرۂ کار کو وسعت دینے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
اس کے علاوہ، پاکستان کے ارتقا پذیر ضابطہ جاتی فریم ورک کے تحت ٹوکنائزیشن، بلاک چین اور ڈیجیٹل اثاثوں کے شعبوں میں تعاون پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ وزیرِ خزانہ نے سکوک، پانڈا بانڈز کے مزید اجرا اور پاکستان کی درمیانی مدت کی قرضہ جاتی حکمتِ عملی کے تحت جدید مالیاتی طریقوں کے ذریعے معاونت کے امکانات کا بھی جائزہ لیا۔