وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کی مسلسل ترقی، خوشحالی اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے خاتمے اور امن کی بحالی کے لیے پرعزم ہے۔
وہ آج اسلام آباد میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج نافذ کرنے پر مجبور ہوئی، کیونکہ مزید تاخیر سے بڑے پیمانے پر تباہی ہو سکتی تھی۔
وزیراعظم نے کہا کہ بے پناہ قربانیوں کے بعد دو ہزار سترہ اور اٹھارہ تک خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کا خاتمہ کر دیا گیا تھا، لیکن پی ٹی آئی کی حکومت آنے کے بعد دہشت گردی دوبارہ سر اٹھانے لگی اور دہشت گردوں کو واپس آنے کی اجازت دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صوبے کے عوام بشمول بچوں، خواتین، نوجوانوں، بزرگوں اور سیاسی رہنماؤں نے عظیم قربانیاں دی ہیں۔