Monday, 14 September 2026, 10:31:16 am
 
آزاد جموں وکشمیر کے مختلف علاقوں میں کالعدم جتھے کی جانب سے ملازمین پر تشدد، تعلیمی اداروں کی زبردستی بندش کے واقعات سامنے آئے ہیں
September 13, 2026

آزاد جموں وکشمیر کے مختلف علاقوں میں ایک کالعدم جتھے کی جانب سے خواتین کو ہراساں کرنے، مسلح مورچہ بندی، سرکاری ملازمین پر تشدد اور تعلیمی اداروں کی زبردستی بندش کے واقعات سامنے آئے ہیں۔

ترجمان ضلعی انتظامیہ راولاکوٹ، پونچھ کے مطابق تحصیل ہجیرہ میں خواتین کا راستہ روکنے اور انہیں زبردستی نقاب اتار کر شناخت کروانے پر مجبور کرنے کے واقعات بھی پیش آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ راولاکوٹ شہر اور اس کے اطراف، بالخصوص چاندنی چوک سے ڈی چوک، بس ٹرمینل اور تیارمیہ کے قرب و جوار میں مسلح افراد کی مورچہ بندی سے سکیورٹی خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔

ترجمان کے مطابق شرپسندوں نے مختلف مقامات پر ناکے لگا کر سڑکیں بند کر رکھی ہیں، جہاں سرکاری ملازمین کو زدوکوب اور ان سے بدتمیزی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مسلح عناصر خوف و ہراس پھیلا کر سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بھی زبردستی بند کروا رہے ہیں۔

ترجمان کے مطابق تحصیل راولاکوٹ اور تھوراڑ سمیت دریک، حسین کوٹ، چک، کھائی گلہ، بجنوسہ، جھنڈا علی، دو تھان، بن بہک، بگھر، ملی سومہل، سنگولہ، پاینڈول اور جنڈالہ میں اسکول اور کالجز زبردستی بند کرائے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف یہ عناصر بچوں کے مستقبل اور تعلیمی نظام کو نقصان پہنچا رہے ہیں، جبکہ دوسری جانب دھرنے کے اسٹیج سے تعلیمی اداروں کی بندش کا الزام حکومت پر عائد کر رہے ہیں۔