Monday, 13 July 2026, 07:16:50 pm
 
پاکستان نے خواتین سے متعلق او آئی سی وزارتی کانفرنس کی صدارت سنبھال لی
July 13, 2026

پاکستان نے اسلام آباد میں خواتین سے متعلق نویں او آئی سی وزارتی کانفرنس کی صدارت سنبھال لی ہے۔

صدارت سنبھالتے ہوئے وفاقی وزیرقانون، انصاف اور انسانی حقوق اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پاکستان اس صدارت کو ایک ایسی ذمہ داری سمجھتا ہے جو پوری اسلامی دنیا میں خواتین کی زندگیوں کو بہتر بنانے کیلئے مشترکہ خواہشات کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنے میں مدد گار ثابت ہوگی۔

وزیر قانون نے کہا کہ پاکستان تجربات کے تبادلے کو فروغ دے گا، عملی تعاون کی حوصلہ افزائی اور خواتین کو با اختیار بنانے کے مشترکہ عزم کو آگے بڑھائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان خواتین کے حقوق، مواقع اور قیادت کو آگے بڑھانے کے لیے اپنے قانونی، پالیسی اور ادارہ جاتی فریم ورک کو مسلسل مضبوط بنا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم خواتین کی قیادت، مالیاتی شعبے میں ان کی شمولیت اورکاروبارکو وسعت دے رہے ہیں، ڈیجیٹل تفریق کو ختم کر رہے ہیں، انصاف تک رسائی کوآسان بنا رہے ہیں اور کام کے مقامات پر محفوظ و مزید ساز گار ماحول پیدا کر رہے ہیں۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ہماری اجتماعی کوشش یہ یقینی بنانا ہے کہ کوئی بھی عورت یا لڑکی تنازعہ، غربت اور عدم مساوات کی وجہ سے پیچھے نہ رہ جائے۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں او آئی سی کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل برائے انسانی، ثقافتی اور سماجی امور طارق علی بخیت نے ایسے اجتماعی اور ٹھوس اقدامات کی ضرورت پر زور دیا جو او آئی سی کے رکن ممالک میں خواتین اور لڑکیوں کی زندگیوں کو بہتر بنا سکیں۔