Sunday, 14 June 2026, 06:57:11 am
 
عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی اور معیشت کی ترقی حکومت کی ترجیح ہے، وزیراعظم
June 13, 2026

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا اور معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے یہ بات ارکانِ قومی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے پارلیمنٹ ہاوس اسلام آباد میں ان سے الگ الگ ملاقات کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پالیسی اصلاحات کا عمل جاری رہے گا جس سے نچلی سطح پر معاشی استحکام کے ثمرات حاصل ہوں گے۔

انہوں نے اعادہ کیا کہ معاشی استحکام کو پائیدار اقتصادی ترقی میں تبدیل کیا جائے گا جس سے نوجوانوں کے لیے روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔

آئندہ مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے شہباز شریف نے کہا کہ تنخواہ دار طبقے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا گیا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ بجٹ میں تاجر برادری کے لیے اعلان کردہ ٹیکس ریلیف اور دیگر سہولیات سے سرمایہ کاری اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔

اس موقع پر ارکانِ پارلیمنٹ نے متوازن اور عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر وزیراعظم کی قیادت کو سراہا۔ انہوں نے عوامی بہبود اور معاشی ترقی کے لیے حکومتی اقدامات کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔