Friday, 14 March 2025, 01:31:17 am
 
کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے نیٹ میٹرنگ قواعد میں ترامیم کی منظوری دیدی
March 13, 2025

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے بجلی صارفین پر مالی بوجھ کم کرنے کیلئے نیٹ میٹرنگ قواعد میں ترامیم کی منظوری دیدی ہے۔

کمیٹی کا اجلاس  جمعرات کے روزوزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں سولر نیٹ میٹرنگ صارفین کی تعداد میں بڑے اضافے کے پیش نظر  یہ فیصلہ کیا گیا۔

منظور کی گئی ترامیم کے مطابق سولر صارفین سے خریدی جانے والی بجلی کے نرخوں میں نظرثانی کرتے ہوئے اس کی قیمت دس روپے فی یونٹ مقرر کی گئی ہے۔

کمیٹی نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کو اس بات کی اجازت بھی دی ہے کہ وہ  وقتاً فوقتاً سولر صارفین سے خریدی جانے والی بجلی کے نرخوں پر نظرثانی کرسکتا ہے تاکہ بجلی کے خریدوفروخت کے ڈھانچے کو لچکدار بناتے ہوئے اسے مارکیٹ کے جاری حالات کے مطابق بنایا جاسکے۔

تاہم نظرثانی شدہ فریم ورک کا اطلاق ایسے موجودہ نیٹ میٹرنگ صارفین پر نہیں ہوگا جو باضابطہ لائسنس یافتہ ہیں یا جن نیٹ میٹرنگ صارفین نے نیپرا قانون2015 کے تحت معاہدہ کررکھا ہے۔

ای سی سی کو بتایا گیا کہ سولر نیٹ میٹرنگ صارفین کی تعداد اکتوبر2024 ء میں دو لاکھ  چھبیس ہزار چار سو چالیس تھی جو دسمبر2024 ء میں  بڑھ کر دو لاکھ تراسی ہزار ہوگئی۔

سولرپینلز سے حاصل ہونے والی بجلی کی مجموعی پیداوار2021 ء میں 321میگاواٹ تھی جو  دسمبر2024 ء میں بڑھ کر چار ہزار ایک سو چوبیس میگاواٹ ہوگئی‘ یہ رجحان نیٹ میٹرنگ شعبے کی تیزی سے توسیع کو ظاہر کرتاہے۔