Thursday, 27 March 2025, 06:17:57 am
 
جعفر ایکسپریس آپریشن مکمل،33دہشتگرد ہلاک،تمام یرغمالی بازیاب
March 13, 2025

سیکیورٹی فورسز نے جعفر ایکسپریس پر دہشتگردوں کے حملے کے خلاف کارروائی میں خودکش بمباروں سمیت تمام 33 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ہے اور مرحلہ وار تمام یرغمالیوں کو بازیاب کرا لیا ہے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر گزشتہ منگل کو سبی کے قریب بھاری ہتھیاروں سے مسلح دہشتگردوں نے حملہ کیا تھا۔

دہشتگردوں نے ریلوے لائن کو دھماکے سے اڑانے کے بعد ٹرین کو قبضے میں لیکر خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت تمام مسافروں کو یرغمال بنا لیا تھا اور انہیں انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے تھے۔

سیکیورٹی فورسز نے فوری جوابی کارروائی کی اور اس کے بہادر افسروں اور اہلکاروں نے غیرمتزلزل حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشتگردوں کے خلاف موثر کارروائی کی۔

افسوسناک واقعہ میں دہشتگردوں نے اکیس بے گناہ یرغمالیوں کو اُن کی زندگیوں سے محروم کیا۔

کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز کے چار فوجیوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

خفیہ اطلاعات میں اس بات کی واضح طور پر تصدیق کی گئی ہے کہ اس حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں کی گئی اور حملہ آور اس پورے واقعہ کے دوران افغانستان میں موجود دہشتگرد سرغنوں کے ساتھ براہِ راست رابطے میں تھے۔

پاکستان نے امید ظاہر کی ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور پاکستان کے خلاف دہشتگردانہ سرگرمیوں کیلئے افغان سرزمین کے استعمال کی اجازت نہیں دے گی۔