Wednesday, 05 February 2025, 09:54:28 am
 
چیئرمین سینیٹ کا لڑکیوں کی تعلیم کیلئے جامع حکمت عملی پر زور
January 12, 2025

سینٹ کے چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی نے لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے آگے بڑھنے کیلئے جامع حکمت عملی اختیار کرنے پر زور دیا ہے۔

انہوں نے آج(اتوار کو) اسلام آباد میں ''مسلم معاشروں میں تعلیم، چیلنجز اور مواقع'' کے موضوع پر دوروزہ بین الاقوامی کانفرنس کی اختتامی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکمت عملی اجتماعی لائحہ عمل، وسائل کی فراہمی اور عوام کے تعاون سے ہم آہنگ ہونی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں تمام سہولتوں سے آراستہ سکولوں کے قیام کے ذریعے بنیادی ڈھانچے کی فراہمی بھی نہایت اہم ہے۔

چیئرمین سینٹ نے کہا کہ غریب لڑکیوں کو وظائف دینے سے ان کی مالی معاونت کے علاوہ وہ اپنی تعلیم بھی جاری رکھ سکیں گی۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام لڑکیوں کی تعلیم کی اہمیت کے معاملے پر متحد ہیں اور وہ اس حوالے سے پائے جانے والے غلط تصورات کو مسترد کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اعلان اسلام آباد کو ایک ٹھوس، پائیدار اور بین الاقوامی منشور بنانے کیلئے پُرعزم ہیں۔

وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے وزیر خالد مقبول صدیقی نے ہر بچے کو معیاری تعلیم کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے پاکستان کے عزم کااظہار کیا۔

انہوں نے کہا لڑکیوں کی تعلیم نہ صرف اخلاقی ذمہ داری ہے بلکہ یہ معاشی ضرورت بھی ہے۔