وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں کھیلوں کی سرگرمیوں کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔
وہ آج (بدھ )اسلام آباد میں پاکستان مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن کے کھلاڑیوں اور عہدیداران کے ایک وفد سے باتیں کررہے تھے کھلاڑیوں کی شاندار مہارتوں کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے ان کھیلوں کے فروغ کیلئے مارشل آرٹس فیڈریشن کو ہرممکن تعاون فراہم کرنے کا عزم ظاہرکیا ۔
انہوں نے کہاکہ مکسڈ مارشل آرٹس فیڈڑیشن کی جانب سے پاکستان میں بین الاقوامی مقابلوں کا انعقاد قابل ستائش ہے ۔
شہبازشریف نے کہاکہ نوجوانوں کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوںمیں نکھار پید اکرسکیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت یہ بات یقینی بنائے گی کہ بین الاقوامی مقابلوں میں ملک کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑیوں کو مکمل تعاون فراہم کیاجائے۔
اس موقع پر فیڈریشن کے عہدیداران اور کھلاڑیوں نے اس کھیل کو مزید بہتر بنانے کیلئے اپنی سفارشات اور تجاویز دیں ۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو اس حوالے سے تجاویز کاجائزہ لینے اور حکمت عملی وضع کرنے کی ہدایت کی ۔
پاکستان مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن نے گزشتہ ماہ کی اٹھارہ سے بائیس تاریخ کو COMBAT ویک کی میزبانی کی جس کے دوران پاکستان نے ایشیائی مارشل آرٹس مقابلے میں بارہ طلائی تمغے حاصل کیئے ۔