Wednesday, 12 March 2025, 12:44:29 pm
 
وفاقی وزیر احسن اقبال کی زیر صدارت سی پیک کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس
March 11, 2025

 وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال کی صدارت میں چین-پاکستان اقتصادی راہداری کے حوالے سے اعلیٰ سطحی پیش رفت جائزہ اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔

اجلاس کے دوران احسن اقبال نے گوادر کو قومی گرڈ سے منسلک کرنے میں تاخیر پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی اور پاور ڈویژن کو ہدایت کی کہ وہ پانچ روز کے اندر بجلی کی فراہمی کی تازہ ترین رپورٹ پیش کریں۔

انہوں نے گوادر میں ڈی سیلینیشن پلانٹ کے فعال نہ ہونے پر بھی شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ایک ہفتے کے اندر اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔

ریلوے کے ایم ایل ون منصوبے پر پیش رفت کے حوالے سے وفاقی وزیر نے پاکستان کے سفارتی مشن بیجنگ اور اقتصادی امور ڈویژن کو ہدایت کی کہ وہ چینی حکام سے رابطہ کریں تاکہ پاکستان میں تکنیکی اور مالیاتی ماہرین کے دورے کی حتمی تاریخ طے کی جا سکے۔

انہوں نے اس سلسلے میں فوری ہم آہنگی اور چینی ورکنگ گروپ کے دورے کو جلد از جلد ممکن بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

اجلاس میں شرکاء کو آگاہ کیا گیا کہ چین نے اس سال جولائی کے مہینے میں 14ویں جوائنٹ کوآپریشن کمیٹی (JCC) کے اجلاس کے انعقاد سے اتفاق کیا ہے، اس حوالے سے تمام شرکاء کو تیاریوں کی ہدایت کی گئی۔