قیامِ پاکستان کی تاریخ لاکھوں شہداء، مہاجرین اور بزرگوں کی بے مثال قربانیوں سے عبارت ہے۔ پاکستان کے قیام کے عینی شاہدین آج بھی آزادی کے اس تاریخی سفر کی یادیں اپنے سینوں میں محفوظ رکھے ہوئے ہیں۔
گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے قیامِ پاکستان کے عینی شاہد بزرگ شہری کاچو مہدی علی نے اُس وقت کے حالات اور عوامی جذبات بیان کرتے ہوئے کہا کہ تقسیمِ ہند کے وقت برطانوی اقتدار کے خاتمے کے بعد گلگت بلتستان کے عوام نے اپنی مرضی سے پاکستان کا انتخاب کیا۔
کاچو مہدی علی نے کہا کہ وسائل اور ہتھیار نہ ہونے کے باوجود گلگت بلتستان کے نوجوانوں نے بے مثال جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے آزادی کی جدوجہد کی۔ انہوں نے کہا کہ اُس دور میں بیشتر لوگ پڑھے لکھے نہ تھے، مگر قائداعظم محمد علی جناح کے جذبۂ قیادت سے متاثر تھے۔
کاچو مہدی علی نے کہا کہ قائداعظم کی قیادت میں پاکستان کے قیام پر گلگت بلتستان کے عوام نے خوشی کا اظہار کیا اور پاکستان سے اپنی وابستگی مضبوط کی۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کا پاکستان سے یہ مضبوط رشتہ آج بھی محبت، وفاداری اور لازوال قومی وابستگی کی روشن علامت ہے۔