بھارت میں نوجوانوں کی ایک ابھرتی ہوئی تحریک''کاکروچ جنتا پارٹی'' مودی حکومت کے لیے ایک نئے سیاسی چیلنج کے طور پر سامنے آ رہی ہے، جبکہ عالمی میڈیا بھی اس تحریک کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور اثرات پر توجہ دے رہا ہے۔
برطانوی جریدے''دی گارڈین'' کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک آن لائن میم کے طور پر شروع ہونے والی یہ جین زی تحریک اب عملی احتجاجی سرگرمیوں کی صورت اختیار کر چکی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ تحریک بھارت کی سیاست پر اثرانداز ہونے کی صلاحیت رکھتی ہے اور نوجوانوں میں تیزی سے مقبول ہو رہی ہے۔
دی گارڈین کے مطابق یہ پلیٹ فارم لاکھوں ایسے بھارتی نوجوانوں کی نمائندگی کر رہا ہے جو معاشی مشکلات، بے روزگاری اور مستقبل سے متعلق غیر یقینی صورتحال پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔
دہلی میں ایک احتجاجی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی ابھیجیت دیپکے نے کہا کہ بھارتی نوجوان اپنے حقوق اور بہتر مستقبل کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کے ایک طبقے کو امید ہے کہ نیپال اور سری لنکا کی طرح بھارت میں بھی ایک وسیع عوامی تحریک جنم لے سکتی ہے جو نوجوان نسل کے مسائل کو قومی سطح پر اجاگر کرے گی۔
ماہرین کے مطابق یہ تحریک بے روزگاری، مایوسی اور سماجی و معاشی چیلنجز کے خلاف نوجوانوں کے بڑھتے ہوئے ردعمل کی عکاسی کرتی ہے اور اس بات کا اشارہ ہے کہ نئی نسل روایتی سیاسی بیانیوں کے بجائے اپنے روزمرہ مسائل کے حل کو ترجیح دے رہی ہے۔