Thursday, 11 June 2026, 08:23:14 am
 
افغان طالبان رجیم نے خواتین پر مظالم کی تمام حدیں پار کردیں،عالمی برادری سراپا احتجاج
June 09, 2026

افغانستان میں خواتین کے خلاف مبینہ اقدامات پر عالمی سطح پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے، جبکہ انسانی حقوق کی تنظیموں اور اقوام متحدہ کے اداروں نے صورتحال پر تشویش ظاہر کی ہے۔

اقوام متحدہ کے افغان معاون مشن نے کہا ہے کہ ہرات سمیت مختلف شہروں میں لباس کے ضوابط کی آڑ میں خواتین کی گرفتاریوں اور حراست کے واقعات تشویشناک ہیں۔

یوناما کے مطابق خواتین اور مردوں کی قانونی برابری اور شہریوں کی آزادانہ نقل و حرکت کو یقینی بنایا جانا چاہیے، جبکہ کسی بھی قسم کی جبری کارروائیوں سے گریز ضروری ہے۔

انسانی حقوق کی تنظیم''رواداری '' نے بھی ان اقدامات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بغیر کسی قانونی بنیاد یا عدالتی کارروائی کے خواتین کو سزا دینا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

اسی طرح خواتین کے حقوق کے لیے سرگرم تنظیم ''پرپل سٹرڈیز موومنٹ '' نے کہا ہے کہ ہرات میں خواتین کی گرفتاریاں انسانی وقار اور ذاتی آزادی کے اصولوں کے منافی ہیں۔

مبصرین کے مطابق افغانستان میں خواتین کے حقوق اور سماجی آزادیوں سے متعلق پالیسیوں پر عالمی سطح پر تنقید بڑھ رہی ہے، جبکہ انسانی حقوق کے ادارے صورتحال میں بہتری اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری پر زور دے رہے ہیں۔