Wednesday, 05 February 2025, 11:51:30 am
 
وزیراعظم کی ایف بی آر کو عدالتوں میں ٹیکس کےزیرالتواء مقدمات جلد نمٹانے کی ہدایت
January 10, 2025

وزیراعظم شہبازشریف نے عدالتوں میں ٹیکس سے متعلق زیرالتوا مقدمات جلدنمٹانے کی ہدایت کی ہے ۔

جمعہ کے روز اسلام آباد میں ملک میں محصولات کی اپیلوں کے ٹریبونلز کے امور کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو ان مقدمات کوپائیہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے اقدامات کو فوری طورپر تیز کرے۔

وزیراعظم نے کہاکہ ملک میں محصولات کی اپیلوں کے ٹریبونلز میں عالمی معیار کے افراد کا تقرر کیاجائے اورانھیں مسابقتی تنخواہیں اورمراعات دی جائیں۔

انہوں نے کہاکہ اپیل ٹریبونلز میں بہترین صلاحیتوں والے افراد کا تقرر کرکے مقدمات جلد مکمل کیئے جائیں  انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں کوئی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔

شہبازشریف نے کہا کہ ایف بی آر میں اصلاحات پر تیزی سے کام جاری ہے  انہوں نے حال ہی میں کراچی میں FACELESS کسٹمز اسسٹمنٹ سسٹم کا آغاز کیاگیا ہے  وزیراعظم نے کہا اس جدید نظام سے بدعنوانی اور کسٹمز کلیئرنس کے وقت میں نمایاں کمی آئی ہے۔

  قوم کی ایک ایک پائی بچانے کے حکومت کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا حکومت غریبوں پرمزید بوجھ ڈالنے کی بجائے ٹیکس نادہندگان سے ٹیکس وصول کرے گی۔

اجلاس کو ان لینڈ ریونیو ایپلیٹ ٹربیونلز میں اصلاحات کے حوالے سے پیشرفت سے بھی آگاہ کیاگیا۔

وزیراعظم نے مقررہ وقت میں اصلاحات کے عمل کومکمل کرنے کی ہدایت کی  ۔