وفاقی وزراء نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغامات میں اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں پاکستان کی جانب سے کشمیریوں کی مستقل حمایت کا
اعادہ کیا ہے۔یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے ٹیلی ویژن پیغام میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد بھارتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے تاخیر کا شکار
ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تنازعہ کشمیر پاکستانی عوام کے دلوں کے قریب ہے اور پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے حق خودارادیت کے حصول تک ان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔اپنے ٹیلی ویژن پیغام میں وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کشمیری عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ وہ دن دور نہیں جب ان کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔
وزیر امور کشمیر امیر مقام نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر منانے کا مقصد یہ پیغام دینا ہے کہ جموں و کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے اور غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے لانا ہے۔
وزیر بجلی اویس لغاری نے کہا کہ بھارت کا غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر دنیا کا سب سے زیادہ عسکری علاقہ ہے جہاں انسانیت کا قتل کیا جا رہا ہے۔
مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ عالمی برادری بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے لیے آواز اٹھائے۔