Thursday, 26 December 2024, 08:49:57 pm
 
پاکستانی سفیرکا پاک ، امریکہ تعلقات کو مستحکم کرنے میں پاکستانی کمیونٹی کے اہم کردار پر زور
November 08, 2024

امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کیلیفورنیا یونیورسٹی برکلے کے شعبہ ایتھنک سٹڈیز میں پاکستان امریکہ تعلقات میں پاکستانی کمیونٹی کے کردار کے موضوع پر گفتگو کی۔ تقریب میں فیکلٹی اور طلبا کی بڑی تعداد نے شرکت کی جس میں پاک امریکہ تعلقات خصوصاً ان دوطرفہ تعلقات میں پاکستانی،امریکی کمیونٹی کے کردار پر توجہ مرکوز کی گئی۔

سفیر پاکستان نے حالیہ سالوں میں پاک امریکہ تعلقات کے حوالے سے ہونے والی اہم پیش رفتوں کو اجاگر کیا اور دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری، اعلیٰ تعلیم، صحت، سائنس اور ٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلی اور علاقائی استحکام میں دو طرفہ تعاون کو بڑھانے کے لیے حکومت کی ترجیحات بارے آگاہ کیا۔

رضوان سعید نے تاریخی تناظر میں دوطرفہ تعلقات کی تزویراتی نوعیت، امن اور ترقی کو فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات کو اجاگر کیا ۔ انہوں نے پاک امریکہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں پاکستانی تارکین وطن کے اہم کردار خصوصاًکمیونٹی کی امریکی اداروں، پالیسی سازوں، میڈیا اور کارپوریٹ سیکٹر کے ساتھ فعال مشغولیت کو بھی اجاگر کیا ۔

سفیر پاکستان نے عوامی سطح پر روابط بڑھانے اور تعلیمی، اقتصادی اور ثقافتی تبادلوں کو فروغ دینے میں پاکستانی امریکی کمیونٹی کے اہم کردار پر بھی زور دیا جو کہ ایک پل کی مانند ہے ۔

دریں اثنا کیلیفورنیا کے شہر سان ہوزے میں پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کمیونٹی روابط کے حوالے سے سفارتخانہ اور قونصلیٹ کی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان کاروباری روابط اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سفارت خانے کی جانب سے سہولت کاری کی پیشکش کی ۔

سفیر پاکستان نے پاکستانی نژاد کمیونٹی پر زور دیا کی وہ انسانی وسائل اور سروس انڈسٹری میں پاکستان کی معیاری برتری اور لاگت کی مسابقت کو برؤے کار لانے کے لئے مواقع تلاش کریں۔

سفیر پاکستان نے کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ دونوں ممالک میں اپنی موجودگی اور مقام سے فائدہ اٹھائیں ۔

ادھر امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے سان فرانسسکو چیمبر آف کامرس کے اہم عہدیداروں کے ساتھ ایک نتیجہ خیز ملاقات کی جس میں پاکستان اور سان فرانسسکو بے ایریا کے درمیان کاروباری و تجارتی تعلقات کو وسعت دینے اور انہیں مزید مستحکم کرنے کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ لاس اینجلس میں پاکستان کے قونصل جنرل بھی اجلاس میں شریک تھے ۔

ملاقات میں خطے میں موجودہ پاکستانی کاروباروں کی حمایت اور تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر غور کیا گیا ۔ دونوں فریقین نے باہمی ترقی کے لئے کاروبار کی توسیع، سرمایہ کاری اور اختراع کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے اپنے مضبوط عزم کا اظہار کیا۔

سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے پاکستان اور سان فرانسسکو کے مابین تجارتی تعاون کے فروغ کے لیے خاص طور پر ٹیکنالوجی، آئی ٹی سروسز اور تجارت کے شعبوں میں امکانات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے دونوں خطوں کو آپس میں جوڑنے اور اقتصادی روابط اور تعلیمی اور ثقافتی تبادلوں کے حوالے سے پاکستانی امریکی کمیونٹی کے اہم کردار پر زور دیا۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان سان فرانسسکو بے ایریا کو جدت اور صنعت کاری کے شعبوں میں ایک اہم پارٹنر کے طور پر دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے کی ٹیکنالوجی پر مبنی معیشت دو طرفہ تعاون کے فروغ وسیع مواقع فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایسے مواقع تلاش کرنے کا خواہشمند ہے جو امریکی ہم منصبوں کے ساتھ اس کے اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کریں ۔

دونوں فریقین نے بے ایریا میں پاکستانی کاروبار وں کو مزید اجاگر کرنے اور دونوں خطوں کے کاروباری رہنماؤں کے درمیان بہتر روابط و تعلقات کو فروغ دینے کے لیے حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا۔