Tuesday, 08 September 2026, 03:17:24 pm
 
صدر،وزیراعظم کا پاک بحریہ کے دن کے موقع پر بحریہ کے افسران ، سیلرز کو مبارکباد پیش
September 08, 2026

صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے پاک بحریہ کے دن کے موقع پرپاکستان نیوی کے افسران، سیلرز اور سویلینز کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاک بحریہ اپنی شاندار روایات کو برقرار رکھتے ہوئے بہادری، وقار اور امتیاز کیساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کرتی رہے گی۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ سات اور آٹھ ستمبر انیس سو پینسٹھ کی درمیانی شب انتہائی سکیورٹی والے بھارتی بحریہ کے ساحلی اسٹیشن دوارکا کیخلاف پاک بحریہ کا جرات مندانہ آپریشن سومنات ہمیں پاک بحریہ کے شاندار ماضی کی یاد دلاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ آپریشن نہ صرف پاک بحریہ کی بہادری اور ثابت قدمی کا مظہر تھا بلکہ اس نے ایسی مضبوط بحری قوت کی بنیاد بھی رکھی جس میں خود اعتمادی اور دشمن کے دل میں خوف پیدا کرنے کے غیر متزلزل عزم کے ساتھ ملک کے بحری دفاع کو مضبوط بنانے کی صلاحیت موجود تھی۔

اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آٹھ ستمبر ہمیں انیس سو پینسٹھ کی جنگ کے دوران پاک بحریہ کے حوصلے، بہادری اور عزم کی یاد دلاتا ہے۔