پاک بحریہ کا دن آج منایا جا رہا ہے جس کا مقصد انیس سو پینسٹھ کی جنگ کے ان ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے جنہوں نے طاقتورحریف کیخلاف انتہائی بہادری سے جنگ لڑی اور مادر وطن کے دفاع کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
یہ دن'' آپریشن دوارکا'' کی یاد میں منایا جاتا ہے جس کا خفیہ نام آپریشن سومنات تھا۔ اس آپریشن میں پاک بحریہ کے سات بڑے جنگی جہازوں نے دشمن کے علاقے میں ایک جرأت مندانہ کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران پاک بحریہ نے دوارکا میں بھارتی ریڈار اسٹیشن اور ریڈیو بیکن سمیت ساحلی تنصیبات کو تباہ کیا اور بھارتی غرور کوخاک میں ملادیا۔
انیس سو پینسٹھ کی جنگ کے دوران پاک بحریہ کی آبدوز غازی ایک مضبوط دفاعی قوت کے طور پر سامنے آئی۔ اس نے پاکستان کی حربی برتری کی علامت بن کر مادروطن کیخلاف جارحانہ عزائم رکھنے والے کسی بھی دشمن کیلئے خطرات میں اضافہ کر دیا۔