بحری امور کے وفاقی وزیر محمد جنید انوار چودھری نے بڑھتے ہوئے ماحولیاتی دباؤ کے پیش نظر سمندری وسائل کے تحفظ کے لیے فوری اجتماعی اقدامات پر زور دیا ہے۔
وفاقی وزیر نے سمندروں کے عالمی دن کے موقع پر ساحلی تحفظ کی کوششوں میں توسیع کو اجاگر کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ کی جانب سے ہفتہ وار صفائی مہم چلائی جا رہی ہے جس کا مقصد سمندروں کو کچرے سے پاک کرنا اور بندرگاہ کی تجارتی سرگرمیوں کو بہتر بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ساحلی علاقوں کے متاثرہ حصوں کی بحالی اور سمندری حیاتیاتی تنوع کو بہتر بنانے کے لیے بھی کام جاری ہے۔
جنید انوارچودھری نے کہا کہ ساحلی جنگلات کی بحالی ملک کی ساحلی استحکام کی حکمت عملی کا مرکزی حصہ ہے کیونکہ ساحلی جنگلات کاربن کے قدرتی ذخائر، طوفانوں کے خلاف حفاظتی رکاوٹ اور مچھلیوں کی افزائش کے لیے محفوظ ماحول فراہم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا پاکستان بہتر ڈیٹا شیئرنگ اور سمندری جدت پر مبنی شراکت داریوں سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہماری ساحلی معیشتوں کا مستقبل سمندری حیاتیاتی نظام کے تحفظ اور بحالی سے وابستہ ہے۔