Monday, 05 October 2026, 11:24:18 pm
 

مزید خبریں

 
صومالیہ کے قریب ہائی جیک آئل ٹینکر کے تین پاکستانی عملے کے ارکان بحفاظت بازیاب
October 05, 2026

فائل فوٹو

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ صومالیہ کے ساحل کے قریب ہائی جیک کیے گئے آئل ٹینکر ایم ٹی آنر 25 کے باقی تین پاکستانی عملے کے ارکان کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا ہے۔

انہوں نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ عملے کے تین ارکان عمران علی، محمد یاسین اور سید حسین یوسف کو جبوتی میں پاکستانی سفارتخانے کی ایک ٹیم کے ہمراہ عدیس ابابا پہنچا دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پاکستانی ایتھوپین ایئرلائنز کی کراچی آنے والی پہلی دستیاب پرواز کے ذریعے وطن روانہ ہوں گے، جو بدھ کو متوقع ہے۔

نائب وزیراعظم نے عملے کی رہائی یقینی بنانے میں معاونت اور تعاون پر صومالیہ کی حکومت اور ایم ٹی آنر 25 کے قریب موجود یورپی یونین نیول فورس آپریشن اٹلانٹا کا پاکستان کی جانب سے شکریہ ادا کیا۔