Monday, 05 October 2026, 10:02:33 pm
 

مزید خبریں

 
صدر اور وزیراعظم کا قوم کی تعمیر میں اساتذہ کے اہم کردار کو خراج تحسین
October 05, 2026

صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قوم کی تعمیر، کردار سازی اورمعیار تعلیم کو بہتر بنانے میں اساتذہ کے اہم کردار کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

آج منائے جانیوالے عالمی یوم اساتذہ کے موقع پر اپنے پیغامات میں انہوں نے آئندہ نسلوں کی تشکیل میں اساتذہ کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے تعلیمی نظام کو مضبوط بنانے کی ضرورت پرزوردیا۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ اساتذہ علم بانٹتے ہیں، تجسس کو پروان چڑھاتے اور کردار سازی کرتے ہیں ۔وہ نوجوانوں کو معاشرے کے ذمہ دار اور مفید افراد بننے کیلئے درکار مہارتوں اور اقدارکو فروغ دینے میں مدد دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سال کا موضوع'' اساتذہ کے ساتھ یکجہتی: پیشے کے تحفظ، اس کی حیثیت کے فروغ اور ہمارے مستقبل کی تشکیل کے ساٹھ سال'' اساتذہ کی اہمیت کو تسلیم کرنے اور انہیں پیشہ ورانہ معاونت اور مواقع فراہم کرنے کی ضرورت کی جانب توجہ دلاتا ہے۔

اپنے پیغام میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ تعلیمی ادارے اور اساتذہ کردار سازی میں اپنے اہم کردار کے ذریعے قومی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد رکھتے ہیں۔

وزیراعظم نے باصلاحیت اور ذہین طلبا، خصوصاً معاشی طور پر کمزور پس منظر رکھنے والے طلبا کو معیاری تعلیم تک رسائی فراہم کرنے کیلئے ملک بھرمیں دانش سکولوں کے قیام کو اجاگر کیا۔