نجکاری کمیشن بورڈ نے توانائی، ہوا بازی اور مالیاتی شعبوں میں جاری نجکاری کے معاملات کو آگے بڑھانے کے لیے اہم اقدامات کی منظوری دے دی ہے۔
بورڈ کا اجلاس آج اسلام آباد میں وزیراعظم کے مشیر نجکاری محمد علی کے زیرِ صدارت ہوا، جس میں گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی کی نجکاری کے لیے دلچسپی رکھنے والی نو پارٹیوں کی پری کوالیفکیشن کی منظوری دی گئی۔
ہوا بازی کے شعبے کے حوالے سے بورڈ نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور، جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی اور اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ اور Concession کے لیے مذاکراتی کمیٹی کی ازسرنو تشکیل پر غور کیا۔
بورڈ نے مالیاتی شعبے کے اہم معاملات میں پیش رفت کا بھی جائزہ لیا اور ٹرانزیکشن ایڈوائزرز کو ہدایت کی کہ ہاؤس بلڈنگ فنانس کمپنی لمیٹڈ اور زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ کی نجکاری کا عمل تیز کیا جائے تاکہ دونوں معاملات میں بروقت پیش رفت یقینی بنائی جا سکے۔
بورڈ نے شفاف، مسابقتی اور پیشہ ورانہ انداز میں چلائے جانے والے معاملات کے ذریعے حکومت کے نجکاری پروگرام کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔