Saturday, 06 June 2026, 07:04:38 am
 
پاکستان نے گلگت بلتستان انتخابات پر بھارت کے بے بنیاد بیانات مسترد کردیے
June 05, 2026

پاکستان نے گلگت بلتستان میں ہونے والے انتخابات کے حوالے سے بھارت کے بے بنیاد بیانات کو دوٹوک انداز میں مسترد کر دیا ہے۔

دفترِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گلگت بلتستان سے متعلق بھارت کے بے بنیاد دعوے، بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی جانب سے کیے جانے والے سنگین اور منظم انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے عالمی توجہ نہیں ہٹا سکتے۔

بیان میں کہا گیا کہ جھوٹا بیانیہ گھڑنے اور گمراہ کن پروپیگنڈا پھیلانے میں عالمی شہرت رکھنے والا بھارت ایک بار پھر حقائق کو افسانوں سے جوڑنے کی منظم اور سوچی سمجھی کوشش کر رہا ہے، ہم بھارت کے ان حالیہ بیانات کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں اور انہیں وہی حیثیت دیتے ہیں جس کے وہ مستحق ہیں۔

دفترِ خارجہ نے کہا کہ پاکستان بھارت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ تمام مقبوضہ علاقوں سے اپنی فوجیں واپس بلائے، بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں بالخصوص 5 اگست 2019 کے بعد کیے گئے تمام غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات واپس لے، سخت گیر اور جابرانہ قوانین کو منسوخ کرے اور غیر جانبدار مبصرین، بین الاقوامی انسانی حقوق و انسانی ہمدردی کی تنظیموں اور عالمی میڈیا کو زمینی حقائق جاننے کے لئے آزادانہ رسائی فراہم کرے۔