وزیر صحت مصطفی کمال نے آج اسلام آباد میں صحت سے متعلق شکایات کا ازالہ کرنے کے نظام کا افتتاح کیا۔
انہوں نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمات کی فراہمی بہتر بنانے اور نظام صحت پر شہریوں کا اعتماد مضبوط کرنے کے لیے شکایات کے ازالے کا مؤثر نظام انتہائی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح صحت کے شعبے میں شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنانا اور عوام کو اپنی آواز پہنچانے کا موقع فراہم کرنا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ نئے خودکار نظام کے تحت ہر شکایت کو ایک ڈیجیٹل ٹریکنگ نمبر دیا جائے گا اور نگرانی اورمزید کارروائی کیلئے یہ نمبر فوری طور پر متعلقہ افسر کو بھیج دیا جائے گا۔
مصطفی کمال نے کہا کہ اس منصوبے کو بعد میں چالیس کروڑ روپے کی لاگت سے ملک بھر میں توسیع دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس نظام سے حاصل ہونے والے اعداد و شمار صحت سے متعلق سروے، پیشگی اقدامات اور مستقبل کی پالیسی سازی میں بھی معاون ثابت ہوں گے۔