پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے منگل کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں فائنل میں بنگلہ دیش کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیت لیا۔
تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 140 رنز کا ہدف دیا جو میزبان پاکستان نے 11ویں اوور میں حاصل کر لیا۔
پاکستان کی جانب سے نثار علی 72 رنز بنا کر ناٹ آٹ رہے، اوپننگ بلے باز محمد صفدر 47 رنز بنا کر ناٹ آٹ رہے۔
بنگلہ دیش بلائنڈ ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنائے، بنگلہ دیش کی جانب سے عارف حسین 54 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔
پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے بابر علی نے 2 جبکہ محمد سلمان اور مطیع اللہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
صدر آصف علی زرداری نے پاکستان کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو چوتھا بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے فائنل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے ورلڈ کپ جیت کر ملک کا نام روشن کرنے پر ٹیم کے ارکان کی تعریف کی۔