Thursday, 03 September 2026, 02:20:17 pm
 
سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد سے دراندازی کرنے والے 15 خوارج کو ہلاک کر دیا
September 03, 2026

سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے بالمقابل افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ پندرہ خوارج کو ہلاک کر دیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ایک گروہ کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا۔ فوجی دستوں نے پیشہ ورانہ انداز میں کارروائی کرتے ہوئے دراندازوں کا درست اور مہارت سے مقابلہ کیا۔ یہ کارروائی چھتیس گھنٹے تک جاری رہی۔

بعد میں علاقے میں کلیئرنس آپریشن کے دوران ہلاک خوارج سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جس سے خوارج اور ان کے سہولت کاروں کے مذموم عزائم مزید بے نقاب ہوئے۔ یہ عناصر ملک میں امن و استحکام کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان افغانستان سرحد پر یہ واقعہ ایک بار پھر پاکستان کے اس مسلسل موقف کی تائید کرتا ہے کہ افغان طالبان حکومت اپنی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد تنظیم کو سرحد پار دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین کے استعمال سے روکنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کے قریب پاکـافغان سرحد سے خوارج کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنانے اور 15 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں صدر مملکت نے کہا کہ وطنِ عزیز کی سرحدوں کے دفاع اور امن و استحکام کے تحفظ کیلئے سیکیورٹی فورسز کا عزم قابلِ تحسین ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کو پاکستان میں بدامنی پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت، صبر اور جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو اپنی بہادر مسلح افواج پر فخر ہے جو ملکی سرحدوں کے دفاع اور وطن کی سلامتی کیلئے برسرِ پیکار ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک سیکیورٹی فورسز کی انسدادِ دہشت گردی کی "عزمِ استحکام" مہم پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔