Friday, 27 December 2024, 12:11:16 am
 
قطر پاکستان میں 3ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا،وزیراطلاعات
November 01, 2024

وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ قطر نے پاکستان کی معیشت میں تین ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

انہوں نے یہ بات جمعہ کے روز اسلام آباد میں وزیر اعظم شہباز شریف کے سعودی عرب اور قطر کے حالیہ کامیاب دورہ کا جائزہ پیش کرتے ہوئے ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ قطر اور پاکستان نے تجارت، سرمایہ کاری، ثقافت اور معیشت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قطر کی جانب سے تین ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے پاکستان کی معیشت مزید مضبوط ہو گی۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ قطر کے دوران پاکستانی آرٹ اور فن تعمیر کے بارے میں ایک نمائش کا انعقاد کیا گیا جو پاکستان اور قطر کے تعلقات میں ایک اہم پیشرفت ہے۔

وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے وزیر اطلاعات نے کہا کہ ولی عہد محمد بن سلمان سمیت سعودی قیادت کے ساتھ نتیجہ خیز ملاقاتیں ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری دو اشاریہ دو ارب ڈالر سے بڑھ کر دو اشاریہ آٹھ ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے جو دونوں برادر ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کا مظہر ہے۔