سمندر پار پاکستانیوں اور انسانی وسائل کی ترقی کے وزیر چودھری سالک حسین نے محنت کشوں کو مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے اور ان کے مسائل حل کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
ریڈیو پاکستان سے پوڈ کاسٹ انٹرویو میں انہوں نے مرد و خواتین محنت کشوں کی انتھک محنت پر انہیں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان ہی کی وجہ سے معیشت کا پہیہ آگے کی جانب بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ محنت کشوں کی مناسب تربیت کی ضمانت کے ساتھ کام کرنے کے محفوظ اور صحت مندانہ ماحول کو یقینی بنانے کیلئے اصلاحات کی جارہی ہیں۔
چودھر ی سالک حسین نے کہا کہ حکومت نے نوجوانوں کو مختلف پیشوں میں تربیت دینے پرتوجہ مرکوز کر رکھی ہے اور بیرون ملک ملازمت کے حصول کے مواقع حاصل کرنے کو بہتر بنانے کیلئے ان کی سرٹیفکیشن کو یقینی بنارہی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ پاکستان نے تین انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کنونشنز کی توثیق کی ہے جس سے یورپ اور دوسرے ممالک میں پاکستانی محنت کشوں کیلئے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔
وفاقی وزیر نے محنت کشوں کی بہبود اور بہتری کے لئے شروع کئے گئے اقدامات پر گفتگو کی۔
انہوں نے کہا کہ ورکرز ویلفیئر فنڈ کے تحت89 ہسپتال اور 129 سکول چلائے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ160 کالونیاں ہیں جن میں ہزاروں محنت کشوں کورہائش مہیا کی جارہی ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کم سے کم اجرت کی فراہمی پر سختی سےعملدرآمد یقینی بنانے کیلئے قانون سازی کی ضرورت ہے۔