پاکستان اور بیلاروس نے سیاسی، تجارتی، اقتصادی، ثقافتی، سماجی اور دیگر شعبوں میں اپنے دوستانہ تعلقات کو مزیدوسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
یہ بات وزیر اعظم شہباز شریف اور بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کے درمیان ملاقات کے بعد جاری مشترکہ بیان میں کہی گئی۔
دونوں رہنمائوں نے سیاسی مذاکرات کو آگے بڑھانے اور بین الپارلیمانی تعلقات کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے تجارتی اور اقتصادی تعاون کو وسعت دینے پر بھی بات چیت کی۔
فریقین نے اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ پاکستان کی جانب سے بیلاروس کوجموں و کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیاگیا۔
فریقین نے تمام بین الاقوامی تنازعات کو پُرامن طریقوں اور اقوام متحدہ کے منشوراور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے غزہ کی پٹی اور لبنان میں فوری، غیر مشروط اور مستقل طور پر جارحیت کے خاتمے اور شام کی سرزمین پر حملوں کاسلسلہ بندکرنے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے سفارتی کوششوں اور تعمیری مذاکرات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے یوکرین کے تنازعے کے پُرامن حل پر بھی زور دیا۔