پاکستان اور ملائیشیا نے چاول کی برآمدات، حلال سرٹیفیکیشن کے معیار اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ مفاہمت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کے سیکرٹری عامر علی احمد کی قیادت میں پاکستانی وفد اور ملائیشیا کے حکام کے درمیان آج کوالالمپور میں اعلیٰ سطح کی ملاقاتوں کے دوران ہوئی۔
ملاقاتوں میں چاول کی برآمدات، حلال سرٹیفیکیشن کے معیار اور غذائی تحفظ کے شعبے میں دوطرفہ تعاون مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔
مذاکرات میں ملائیشیا کو پاکستانی چاول کی برآمدات بڑھانے پر بھی غور کیا گیا۔
ملاقات میں ملائیشیا انٹرنیشنل حلال شوکیس میں پاکستان کی بھرپور شرکت کا اعادہ کیا گیا اور دونوں جانب سے دوطرفہ تجارت کے فروغ، مارکیٹ روابط مضبوط بنانے اور علاقائی غذائی تحفظ میں کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
دونوں ملکوں نے حلال زرعی غذائی شعبے میں دوطرفہ تعاون آگے بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا جس میں چاول، گوشت، پولٹری، ماہی گیری اور آبی زراعت کی ٹیکنالوجیز، جانوروں کی ویکسین، حیاتیاتی تحفظ کے اقدامات اور حلال جیلاٹن کی فراہمی شامل ہیں۔