بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی فوج کی جانب سے ماورائے عدالت قتل کے مسلسل واقعات اور محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیاہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق دفعہ370 کی منسوخی کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت اور فوج نے کشمیریوں کو کالے قوانین کے تحت نشانہ بنانے کا بہیمانہ عمل تیز کر دیاہے جس کامقصد مقبوضہ علاقے میں غیر کشمیریوں کو لاکر ان کی آبادکاری کے ذریعے مقبوضہ علاقے میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرناہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان عبد الرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ عالمی برادری بھارت کو کشمیراپنے کاروباری افراد کے ہاتھوں فروخت کرنے سے روکے کیونکہ یہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے جو بھارت کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی جغرافیائی صورتحال کو تبدیل کرنے سے روکتی ہیں۔