Saturday, 21 December 2024, 08:49:42 pm
 
برطانوی پارلیمنٹ کانفرنس،شرکاء کا کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کا اعلان
December 12, 2024

بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی پولیس نے سرینگر میں بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی شہیدکے گھر اور تحریک حریت کے دفتر پر چھاپہ مارا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پولیس نے حیدر پورہ کے علاقے میں سید علی گیلانی شہید کے کمرے کی خاص طور پر تلاشی لی اوران کی کتابیں، اہم دستاویزات اور دیگر چیزیں قبضے میں لے لیں۔

 پولیس نے علاقے میں تحریک حریت کے دفتر پر بھی چھاپہ مارا  اور اہم دستاویزات ضبط کر لیں۔

کل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر حریت تنظیموں نے چھاپوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں بھارت کی بڑھتی ہوئی بوکھلاہٹ قرار دیاہے۔

ادھر ضلع پونچھ میں بھارتی فوجیوں کی فائرنگ سے دو افرادزخمی ہوگئے۔

بھارتی پولیس نے ضلع میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران ایک 18 سالہ نوجوان کو بھی گرفتار کر لیا۔

ضلع راجوری میں بھارتی فوج کے ایک حوالدار نے اپنے کیمپ میں فوجی رائفل سے خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی۔ علاقے میں تعینات بھارتی فوجیوں کی جانب سے خودکشی کا یہ 615واں واقعہ ہے۔

ادھرلندن میں ایک کانفرنس میں مقررین نے برطانوی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے مزید فعال کردار ادا کرے۔

برطانوی پارلیمنٹ میں منعقدہ کانفرنس میں مقبوضہ جموںوکشمیر میں لوگوں کی حالت زار کو اجاگر کرتے ہوئے کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کی بھرپور حمایت کی گئی۔

کانفرنس کا انعقاد جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کی جانب سے کیا گیا جس کو برطانوی ارکان پارلیمنٹ، کونسلرز اور انسانی حقوق کے علمبرداروں کی بھرپور حمایت حاصل ہوئی۔