کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہاہے کہ کشمیر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے اور بھارت کے غیر قانونی اقدامات سے اس کی متنازعہ حیثیت تبدیل نہیں ہوسکتی۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن براہ راست تنازعہ کشمیر کے حل سے جڑا ہوا ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس نے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کے ذریعے کشمیریوں کو مسلسل نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی۔
دریں اثنا بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوںکا سلسلہ تیز کر دیا ہے جن میںمقبوضہ وادی کے مختلف علاقوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
کشمیریوں کو دبانے کے لیے قابض حکام نے اپنے استعماری ہتھکنڈے جاری رکھتے ہوئے ضلع اسلام آباد کے علاقے بجبہاڑہ میں بے بنیاد الزامات پر مزید پانچ جائیدادایں ضبط کرلیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ جائیدادوں پر قبضہ کشمیریوں کو نشانہ بنانے کا ایک اہم ہتھکنڈابن چکا ہے جو اگست 2019میں مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کی غیر قانونی منسوخی کے بعد سے جاری ہے۔