Sunday, 22 December 2024, 06:46:42 am
 
حریت کانفرنس کی بھارتی حکومت کی جانب سے بے گناہ لوگوں کیخلاف کارروائیوں کی شدید مذمت
December 05, 2024

بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے مودی حکومت کیطرف سے بے گناہ لوگوں کے خلاف مسلسل کارروائیوں کی شدید مذمت کی ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں ان کارروائیوں کو کشمیریوں کو دبانے، اختلاف رائے کو کچلنے اور لوگوں کے بنیادی حقوق کو مجروح کرنے کی بھارتی حکمت عملی کا حصہ قرار دیا۔

 انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کے ان اقدامات کابامقصد،کشمیری عوام میں خوف وہراس اور عدم تحفظ کا ماحول پیدا کرنا ہے۔

حریت کانفرنس کے ترجمان نے جھوٹے الزامات کے تحت گرفتاریوں میں اضافے کے رجحان پر مقبوضہ وادی میں سیاسی اور سماجی کارکنوں اور نوجوانوں کو نشانہ بنائے جانے کے واقعات کو اجاگر کیا۔

ادھرنیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما اور بھارتی پارلیمنٹ کے رکن روح اللہ مہدی نے جنوبی کشمیر میں ریلوے لائن منصوبے پر پارلیمنٹ میں تشویش کا اظہار کیاہے۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے288 ہیکٹر زرعی اراضی متاثر ہو گی جس سے 35لاکھ کشمیری کاشت کار اپنے ذریعہ معاش سے محروم ہو جائیں گے۔

 انہوںنے منصوبے کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے اسے محض ایک نوآبادیاتی اقدام قرار دیا جس کا مقصد مقامی ضرورتوں کو نظرانداز کرنا ہے۔

پیپلزڈیموکریٹک پارٹی کی رہنما التجا مفتی نے بھی ریلوے کیلئے زرخیز اراضی ضبط کرنے کی مذمت کرتے ہوئے اسے کشمیریوں کے ذریعہ معاش پر حملہ قرار دیا ہے۔