Saturday, 20 June 2026, 11:38:23 am
 
پناہ گزینوں کا تحفظ یقینی بنانا عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے،وزیراعظم
June 20, 2026

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پناہ گزینوں کا عالمی دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ پناہ گزینوں کے تحفظ اور ان کی محفوظ بحالی کو یقینی بنانا عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

پناہ گزینوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے بین الاقوامی مشترکہ عزم پر زور دیا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ہر بے گھر اور بے وطن فرد کا مستقبل مستقل جلاوطنی کے بجائے امید، امن اور باوقار و محفوظ واپسی سے وابستہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ 1979 کے واقعات کے بعد لاکھوں افغان شہری تنازع اور عدم تحفظ سے بچنے کے لیے پاکستان میں پناہ لینے پرمجبور ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے محدود وسائل کے باوجود نہ صرف اپنی سرحدیں بلکہ اپنے دل بھی ان کی میزبانی کے لیے کھولے اورافغان پناہ گزینوں سمیت ان کی آنے والی نسلوں کو نگہداشت اور تعاون فراہم کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اپنی انسانی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے پاکستان نے پناہ گزینوں کے لیے بستیاں اور کیمپ قائم کیے اور چار دہائیوں سے زائد عرصے تک دنیا میںبڑے پیمانے پر پناہ گزینوںکی میزبانی کرنے والے ممالک میں شامل رہا۔

افغان خاندانوں کی کئی نسلیں پاکستان میں عزت و وقار کے ساتھ رہیں اور قومی وسائل پر دباؤ کے باوجود روزگار، تعلیم اور بنیادی سہولیات سے استفادہ کرتی رہیں۔