Sunday, 21 June 2026, 11:25:50 pm
 
امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات عالمی امن کیلئے بہترین موقع فراہم کرتے ہیں: وزیراعظم
June 21, 2026

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت امریکہ اور ایران کے درمیان تکنیکی سطح کے مذاکرات عالمی امن کیلئے ایک اہم اور بہترین موقع ہیں۔

انہوں نے یہ بات آج سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں امریکہ ایران تکنیکی سطح کے مذاکرات سے قبل اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔

شہباز شریف نے اُمید ظاہر کی کہ سربراہ اجلاس کے مثبت اور ٹھوس نتائج برآمد ہوں گے اور دنیا بھر میں امن اور ترقی کو فروغ ملے گا۔

انہوں نے مذاکرات کے عمل کو جاری رکھنے میں امریکہ، ایران اور قطر کے کردار کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے بالخصوص فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار اور پورے عمل میں ثابت قدمی کو سراہا۔

اس موقع پر امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا کہ آج ہم ایک ایسا مستقبل دیکھ رہے ہیں جہاں ہم سب مل کر امن اور خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے کام کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے امریکی وفد کو آبنائے ہرمز کے کھلنے سمیت متعدد مسائل کا حل تلاش کرنے کا اختیار دیا ہے۔

امریکی نائب صدر نے چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مدبرانہ صلاحیتوں کے بغیر ہم یہاں نہ ہوتے۔

انھوں نے کہا کہ میں نے گزشتہ تین ماہ کے دوران فیلڈ مارشل سے زیادہ کسی سے بات نہیں کی۔