Sunday, 21 June 2026, 11:24:10 pm
 
پاکستان، مصر، سعودی عرب اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ کا امریکہ اور ایران کے درمیان اسلام آباد مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کا خیر مقدم
June 21, 2026

پاکستان، مصر، سعودی عرب اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ نے امریکہ اور ایران کے درمیان اسلام آباد مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کا خیر مقدم کیا ہے۔

آج مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں چار علاقائی ملکوں کے وزرائے خارجہ کے چوتھے اجلاس کے بعد جاری کیے گئے ایک مشترکہ بیان میں چاروں ممالک کے وزرائے خارجہ نے اس تاریخی سمجھوتے تک پہنچنے میں پاکستان کی اہم کوششوں کے علاوہ سمجھوتے پر مذاکرات کو کامیاب بنانے کیلئے قطر کی حمایت کو سراہا۔

وزرا نے اس اہم معاملے پر اپنے ساتھ پاکستان کے مسلسل اور قریبی رابطوں کو بھی سراہا۔

پاکستان، سعودی عرب، مصر اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ نے مشرق وسطیٰ میں امن، سلامتی اور استحکام کیلئے فلسطینی نصب العین کو مرکزی نکتہ قرار دیا۔

انہوں نے فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام سمیت ان کے جائز حقوق کی حمایت کا اعادہ کیا۔

دوسری جانب نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ امور کے علاوہ علاقائی ترقی اور چارعلاقائی ملکوں کے پلیٹ فارم آر فور کے تحت تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔