Friday, 22 November 2024, 03:05:56 pm
 
صدر کا تمام دوست ممالک کیساتھ باہمی تعاون کو فروغ دینے پر زور
January 19, 2021

صدرڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے تمام دوست ممالک کے ساتھ دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، دفاع اور ثقافتی تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔انہوں نے یہ بات کوریا، نیپال، بیلاروس کے ریذیڈنٹ نامزد سفیروں اور آئرلینڈ، کوسوو، مالی اور سیرالیون کے نان ریذیڈنٹ نامزد سفیروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے آج اسلام آباد میں ان سے الگ الگ ملاقات کی۔صدرنے کہا کہ کاروبار میں آسانی دینے والوں کی فہرست میں پاکستان کی درجہ بندی میں نمایاں بہتری آئی ہے اور غیرملکی سرمایہ کاروں کو ملک کے سرمایہ کار دوست ماحول سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی ''Engage Africa'' پالیسی کے تحت افریقی ممالک کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہا ہے۔ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ پاکستان میں بدھ مت کے دنیا کے سب سے مقدس مقامات موجود ہیں اور امیدظاہر کی کہ دوست ممالک کے سیاحوں کو ان مقامات کا زیادہ سے زیادہ دورہ کرنا چاہئے۔صدر نے سفیروں کو بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر کے نہتے لوگوں پر بھارت کے مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے بارے میں بھی بتایا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کو ایسی کھلی خلاف ورزیاں کرنے سے روکنے میں اپنا کردار ادا کرے جو عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔