Saturday, 03 May 2025, 01:52:15 am
 
پاکستان اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے،عطاء اللہ تارڑ
May 02, 2025

اطلاعات و نشریات کے وزیر عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے اور ہماری مسلح افواج کسی بھی جارحیت سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔

امریکی ٹی وی چینل سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت نے کسی ثبوت کے بغیر پاکستان کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کئے۔وزیراطلاعات نے کہا کہ بھارت پہلگام واقعہ کا خودذمہ دار ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے اور سلامتی کونسل کا ایک غیر مستقل رکن ہونے کی حیثیت سے اس پرعالمی برادری کو تمام معلومات سے آگاہ رکھنے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور وہ پرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے پہلگام واقعہ کی قابل اعتماد اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کرانے کی پیشکش کی لیکن بھارت کو خود ابھی تک یہ معلوم نہیں ہے کہ وہ عسکریت پسندوں کے کس گروپ کو حملے کا ذمہ دار سمجھتا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں پاکستان کسی جارحیت اور اشتعال انگیزی کا ذمہ دار نہیں ہے۔