وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آج شام قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی سے ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے۔
ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران وزیراعظم نے امیر قطر کا پاکستان کے ساتھ یکجہتی اور مکمل تعاون پر شکریہ ادا کیا جو دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کا عکاس ہے۔
جنوبی ایشیا میں ہونے والی حالیہ پیشرفت کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قوم کی قربانیوں پر بھی زور دیا۔
انہوں نے بھارت کی طرف سے بغیر کسی ثبوت کے پاکستان کا پہلگام حادثہ سے تعلق جوڑنے کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے واقعہ کی بین الاقوامی سطح پر معتبر، شفاف، غیر جانبدارانہ تحقیقات کرانے کی پیشکش کا اعادہ بھی کیا۔
قطر کے امیر نے جنوبی ایشیا میں امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی اور کہاکہ قطر موجودہ بحرانی صورتحال میں کشیدگی میں کمی یقینی بنانے کیلئے پاکستان کے ساتھ ملکر کام کرنے کا خواہاں ہے۔