ہالینڈ میں پاکستان کے سفیر سید حیدر شاہ نے غزہ کے لئے انسانی امداد کی بلاتعطل فراہمی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
انہوں نے یہ بات ہیگ میں عالمی عدالت انصاف میں اسرائیل کی ذمہ داریوں سے متعلق ایک عوامی سماعت کے دوران کہی۔
سید حیدرشاہ نے اسرائیل کی جوابدہی کا بھی مطالبہ کیا جو لاکھوں شہریوں کیلئے انسانی امداد کی فراہمی روکنے کے جرم کا ارتکاب کر رہا ہے۔
سفیر نے کہا کہ فلسطینی پناہ گزینوں کے بارے میںاقوام متحدہ کے امدادی ادارے کے ساتھ اسرائیل کا عدم تعاون بین الاقوامی قانون کی صریحاً خلاف ورزی اور منظم اسرائیلی مہم کا واضح ثبوت ہے جس کے تحت اس نے لاکھوں فلسطینیوں کیلئے انسانی امداد تک رسائی روک رکھی ہے۔