Thursday, 19 September 2024, 06:44:05 pm
 
صدر نے مقبوضہ کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے انعقاد کو یکسر مسترد کر دیا
September 18, 2024

صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے انعقاد کو یکسر مسترد کر دیا ہے اور کہا ہے کہ یہ انتخابات کشمیریوں کے حق ِ خودارادیت کا متبادل نہیں ہو سکتے۔

انہوں نے یہ بات آج اسلام آباد میں عزیر احمد غزالی کی قیادت میں سال اُنیس سو نواسی کے بعد سے پاکستان میں مقیم مقبوضہ کشمیر کے مہاجرین کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

صدر نے کہا کہ ایسے انتخابات کشمیری عوام کیلئے ناقابل قبول ہیں اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا ذمہ دار مودی حکومت کو ٹھہرائے۔

انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق استصواب رائے کرانے کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے پر بھی زور دیا۔

صدر نے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کی مذمت کی اور انہیں علاقے پر اپنے غیر قانونی قبضے کو مضبوط بنانے کی بھارت کی وسیع تر حکمت عملی کا حصہ قرار دیا۔

آصف علی زرداری نے حق خودارادیت کے حصول تک کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

وفد نے صدر کو بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں مودی حکومت کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم سے متعلق آگاہ کیا۔

صدر نے اس امر پر زور دیا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں قابض بھارتی فوج کی جانب سے غیر قانونی اقدامات اور مظالم پر احتجاج ریکارڈ کرانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پناہ گزینوں کی سماجی ومعاشی بہتری اور ان کے مسائل کے حل کیلئے پرعزم ہے۔