Friday, 20 September 2024, 01:37:27 am
 
روس پاکستان کے کھاد پلانٹ کو جدید بنانے کا خواہشمند ہے ،نائب وزیر
September 19, 2024

روس پاکستان کے کھاد کے پلانٹ کو جدید بنانے کیلئے اپنے ماہرین کی خدمات پیش کرنے اور زرعی پیداوار میں اضافے کے لئے پاکستانی کسانوں کے تربیتی پروگرام شروع کرنے کا خواہشمند ہے۔یہ بات روس کے نائب وزیر صنعت و تجارت ALEKSEI GURZDEV نے اسلام آباد میں وزیر تجارت جام کمال خان سے ملاقات میں کہی۔

ملاقات کے دوران اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے اور دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کی نئی راہیں تلاش کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

روس کے نائب وزیر صنعت وتجارت نے زرعی برآمدات بڑھانے اور پاکستان کے لئے دھاتی مصنوعات کے ساتھ ساتھ ریلوے مشینری کی فراہمی میں روس کی دلچسپی کا اظہار کیا۔

جام کمال خان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان اور روس کے درمیان تجارتی امکانات سے استفادہ کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

ملاقات میں اس ماہ کی چھبیس تاریخ کو اسلام آباد میں ہونے والے ورکنگ گروپ کے پانچویں مشترکہ اجلاس پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔