Friday, 20 September 2024, 01:43:57 am
 
پاک امریکا تعلقات علاقائی استحکام اور سلامتی کے لیے اہم ہیں: جوبائیڈن
September 19, 2024

امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ اُن کا ملک عالمی اور علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پاکستان کے شانہ بشانہ رہے گا۔

وہ امریکہ میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے واشنگٹن ڈی سی میں اُنہیں اپنی اسناد سفارت پیش کیں۔

جو بائیڈن نے کہاکہ علاقائی استحکام اور سلامتی کے لیے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔

انہوں نے دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کیلئے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعاون کو سراہا ۔

اُنہوں نے کہا کہ دونوں ملک باہمی تعلقات کو بڑھانے اور مزید مضبوط بنانے کے خواہش مند ہیں۔

امریکی صدر نے کہا کہ دونوں ممالک موسمیاتی تبدیلی ، علاقائی سلامتی اور عالمی صحت عامہ کو لاحق خطرات سے نمٹنے کیلئے متحد ہیں۔

جوبائیڈن نے کہا کہ ہمیں مشترکہ سلامتی، تجارت، سرمایہ کاری، اقتصادی ترقی، پاک امریکہ گرین الائنس فریم ورک اور خوشحالی کو اجاگر کرتے رہنا چاہیے۔

سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پاکستان ، امریکہ کے ساتھ تجارت کو بڑھانے اور توانائی، گرین ٹیکنالوجی، صنعت، ڈیجیٹل پلیٹ فارم، اعلیٰ تعلیم باہمی مفاد کے دوسرے شعبوں میں امریکی سرمایہ کاری کا خواہاں ہے۔