Thursday, 19 September 2024, 06:53:00 pm
 
وزیراعظم کا دولت مشترکہ کے مقاصد کی پاسداری کے حوالے سے پاکستان کے عزم کا اعادہ
September 18, 2024

 برطانیہ کے شاہ چارلس سوئم نے آج وزیراعظم شہبازشریف کو ٹیلی فون کیا اور انہیں اگلے ماہ Samoa میں ہونے والے دولت مشترکہ کے سربراہان حکومت کے اجلاس میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی۔

وزیراعظم نے دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ دولت مشترکہ کا سربراہ بننے کے بعد یہ شاہ چارلس کی زیر صدارت ہونے والا پہلا سربراہ اجلاس ہوگا جو دولت مشترکہ کی تاریخ میں ایک اہم لمحہ ہے۔

شہبازشریف نے دولت مشترکہ اور اس کے مقاصد کی پاسداری کے حوالے سے پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ Samoa کا اجلاس پائیدار ترقی کے فروغ، جمہوری اداروں کے استحکام اور دولت مشترکہ کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے جیسے کئی اہم امور پر دولت مشترکہ کے ملکوں کے درمیان تعاون کے فروغ کے مواقع پر تبادلہ خیال کرنے کیلئے ایک فورم مہیا کریگا۔

ماحولیاتی مسائل پر شاہ چارلس کی دیرینہ دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے دولت مشترکہ کے رہنمائوں کے ساتھ بات چیت کے خواہاں ہیں کیونکہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے بری طرح متاثر ہوا ہے۔

شاہ چارلس سوئم کے آخری مرتبہ پاکستان کے دورے کے یادگار لمحات کو یاد کرتے ہوئے وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ شاہ اور ان کی ملکہ جلد پاکستان کا دورہ کریںگے۔