Saturday, 17 May 2025, 02:22:26 pm
 
واقعاتی شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ پہلگام کا سکرپٹ پہلے سے لکھا جا چکا تھا، رضوان سعید شیخ
May 17, 2025

 امریکہ میں پاکستان کے سفیر، رضوان سعید شیخ نے یوم تشکر کے موقع پر اپنے خطاب میں پہلگام واقعے کے حوالے سے کہا ہے کہ اس واقعے کے موجودہ شواہد سے یہ واضح ہوتا ہے کہ اس کا سکرپٹ پہلے سے ہی لکھا جا چکا تھا،22 اپریل سے اب تک پاکستان کو وہ ثبوت فراہم نہیں کیے گئے جن کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

سفیر نے پاکستان کی تاریخ اور خطے میں جاری کشیدگی کی پیچیدگیوں پر روشنی ڈالی اور عالمی برادری سے ان کشیدگیوں کے اثرات پر توجہ دینے کی اپیل کی۔ انہوں نے بھارت کے تسلط پسندانہ عزائم کی سخت مذمت کی اور کہا کہ بھارتی قیادت نے اپنے جارحانہ اقدامات سے خطے میں کشیدگی کو ہوا دی ہے، انہوں نے بھارتی پارلیمنٹ میں اکھنڈ بھارت کے نقشے کو اس کی واضح مثال قرار دیا۔

رضوان سعید شیخ نے بھارتی جارحیت، خاص طور پر مساجد کو نشانہ بنانے کو اشتعال انگیز قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کی خواہش کو ترجیح دی ہے تاہم بھارت پر واضح کردیا تھا کہ امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔ بھارتی جارحیت کے سامنے پاکستانی افواج اور عوام ایک سیسہ پلائی دیوار کی طرح متحد ہو گئے تھے، اور بھارت نہ صرف خود ناکام ہوا بلکہ اس کی جدید ٹیکنالوجی، جیسے رافیل جنگی طیارے بھی ناکام ہو گئے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو مٹا نہیں سکتی اور پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے ذاتی اختلافات سے بالاتر ہو کر وطن کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔