برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے آج اسلام آباد میں نائب وزیراعظم اسحق ڈار سے ملاقات کی۔
ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے بعد جنوبی ایشیا کی تازہ ترین صورتحال پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
اسحق ڈار نے برطانوی وزیرخارجہ کو بھارت کے بلااشتعال اور جارحانہ اقدامات کے بارے میں بتایا جو پاکستان کی خودمختاری اور بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان نے اقوام متحدہ کے منشور کے آرٹیکل اکاون کے تحت اپنا حق دفاع استعمال کیا ۔
نائب وزیراعظم نے کشیدگی کم کرانے میں برطانیہ کے تعمیری کردار کو سراہا۔
فریقین نے مزید کشیدگی سے بچنے کیلئے ہرممکن صبروتحمل اورمذاکرات اور علاقائی امن واستحکام قائم رکھنے کی اہمیت پر زوردیا۔
دونوں رہنمائوں نے پاک برطانیہ تعلقات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔