Friday, 16 May 2025, 01:55:57 pm
 
صدر اور وزیراعظم کا معرکہ حق کے شہداء کو خراجِ عقیدت
May 16, 2025

صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہبازشریف نے معرکہ حق کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

یوم تشکر کے موقع پر اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں انہوں نے کہا کہ یہ دن بھارت کی کھلی جارحیت کے خلاف پاکستان کی فتح مبین پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنے کیلئے منایا جارہا ہے۔

صدرآصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور بنیادی قومی مفادات پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی بلااشتعال جارحیت کے جواب میں آپریشن بنیان مرصوص کی فتح کا دن منانے کا یہ اہم موقع ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہماری بہادر اور پیشہ وارانہ طور پر ماہر مسلح افواج نے دشمن کی زبان میں بڑے مؤثر اندا میں اس کو جواب دیا اور عسکری تاریخ کا ایک سنہری باب رقم کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے شاہینوں نے دشمن کو دندان شکن جواب دیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی نہ صرف ہماری مسلح افواج کی ہے بلکہ ایک عزت دار اور باوقار قوم کی حیثیت سے ہمارے اصولوں کی بھی ہے۔